بسنت کو بین الاقوامی معیار کا ایونٹ بنانے کی تیاریاں، اہم اجلاس
لاہور(عمران اسلم) بسنت کی تیاریوں کے سلسلے میں ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر راؤ تسلیم اختر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں بسنت کی تقریبات، شہر کی اہم شاہراہوں کی سجاوٹ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس احمد سعید منج، مختلف ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں اور ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان محمد بلال اور ادیان لون نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر راؤ تسلیم اختر نے کہا کہ لاہور ملک کا ثقافتی مرکز ہے اور بسنت کو شاندار اور بین الاقوامی معیار کے ایونٹ کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بسنت کے موقع پر شہر کی اہم شاہراہوں کو خوبصورت اور دلکش انداز میں سجایا جائے گا۔ سجاوٹ اور آرائش کے کام کو مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے مختلف شاہراہوں کو الگ الگ کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔
راؤ تسلیم اختر نے کہا کہ بسنت کی تقریبات کو یادگار اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ساتھ مکمل رابطہ اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان محمد بلال اور ادیان لون نے بسنت کے انتظامات اور شہر کی سجاوٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔