ذمے دار اور شفاف ڈیجیٹل اثاثہ نظام ضروری ہے: وزیر خزانہ
اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذمے دار اور شفاف ڈیجیٹل اثاثہ نظام کی ضرورت ہے، جبکہ جدت کے فروغ کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق چیئرمین ورچوئل ایسٹس اتھارٹی بلال بن ثاقب نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورۂ ہانگ کانگ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں ہانگ کانگ کے مالیاتی اداروں کے تجربات اور کامیاب ماڈلز پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ورچوئل اثاثوں اور ڈیجیٹل فنانس کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان میں بلاک چین اور ٹوکنائزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈیجیٹل اثاثوں، اسٹیبل کوائنز اور کمپلائنس فریم ورک پر بھی گفتگو ہوئی۔
بلال بن ثاقب نے وزیر خزانہ کو ڈیجیٹل مالیاتی مصنوعات اور ٹوکنائزیشن کے حوالے سے بریفنگ دی اور ہانگ کانگ کے تجربات کو پاکستان کے ورچوئل اثاثہ ایکو سسٹم کے لیے اہم قرار دیا۔
اس موقع پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ بین الاقوامی تجربات سے عملی مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل فنانس کے فروغ کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون مزید بڑھایا جائے۔