Pakistan

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم

اسلام آباد(ہم شہری) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قیدِ تنہائی میں رکھنے کے خلاف دائر درخواستیں ہدایات کے ساتھ نمٹا دیں۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت کے دوران درخواستوں کو نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کے فیصلوں کی روشنی میں قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے جیل حکام کو اہم ہدایات جاری کیں۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھا جائے اور بشریٰ بی بی کی بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کروائی جائے۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ جیل قوانین کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلخانہ سے ملاقات کرائی جائے اور انہیں اپنے بیٹوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اگر بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کی آڈیوز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی گئیں تو یہ سہولت واپس لے لی جائے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل حکام کو بانیٔ پی ٹی آئی کو روزانہ اخبارات اور کتابیں فراہم کرنے اور جیل رولز کے مطابق طبی سہولتیں دینے کی بھی ہدایت کی۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 15 روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے