شکست کے بعد 7 کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کے ارکان انگلینڈ میں رک گئے
لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اسکواڈ سے فارغ کیے گئے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف میں سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپننگ بلے باز امام الحق کے علاوہ دیگر کھلاڑی اور ہیڈ کوچ سرفراز احمد تاحال انگلینڈ میں موجود ہیں۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ لندن میں انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست کے بعد پی سی بی نے ہنگامی بنیادوں پر ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد، بولنگ کوچ عمر گل سمیت 7 کرکٹرز کو ٹیم سے الگ کردیا۔
پی سی بی نے برمنگھم ٹیسٹ کے لیے وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ ایشلے نوفکے کو بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے دوران پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہونے والے امام الحق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ کوچ سرفراز احمد، اسپنر علی عثمان، آل راؤنڈر عامر جمال، لیڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے سلمان علی آغا اور خرم شہزاد فی الحال انگلینڈ میں ہی موجود ہیں اور چند روز مزید وہیں قیام کریں گے۔