Politics

سندھ ایک صوبہ ہے اور ایک ہی رہے گا، لاہور کے بزنس مین سندھ کا فیصلہ نہیں کریں گے: مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر واضح کیا ہے کہ سندھ ایک صوبہ ہے اور ایک ہی رہے گا، لاہور میں بیٹھے بزنس مین سندھ کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔

سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی قرارداد سندھ اسمبلی نے منظور کی تھی اور جب تک ایک بھی شخص زندہ ہے، سندھ کو کچھ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شخص ٹی وی پر تقریر کرکے، عدالت میں جاکر یا سیمینار میں بیٹھ کر سندھ کے بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتا، اس معاملے کا فیصلہ سندھ اسمبلی کے ایوان میں ہی ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اسپیکر اویس قادر شاہ سے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بحث کی اجازت دی جائے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا کہ اس معاملے پر جتنے دن بحث کرنی ہے کی جائے، سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔

تحریک التوا پیش کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ تحریک اس لیے پیش کی گئی ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کون سندھ کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے آواز اٹھائی گئی کہ نظام ناکام ہوچکا ہے، اس لیے نئے صوبے بنانے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل بھی ایک وفاقی وزیر نے نئے صوبوں کے قیام کی بات کی، انہیں چاہیے کہ آئین پڑھیں اور دیکھیں کہ نئے صوبے بنانے کا آئینی طریقہ کیا ہے۔

جواب دیں