واہگہ زون میں مبینہ بدعنوانی، غیر قانونی تعمیرات کو سرپرستی دینے کے الزامات

لاہور (محمد کامران): میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے واہگہ زون میں تعینات پلاننگ آفیسر میڈم حرا پر مبینہ طور پر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی، غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی اور قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔



ذرائع کے مطابق واہگہ زون کی پلاننگ برانچ میں مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد اور دیگر شعبہ جات کے اہلکاروں پر مشتمل ایک گروہ سرگرم ہے، جو بغیر نقشہ اور منظور شدہ نقشے کے برعکس تعمیرات کرنے والوں سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرکے انہیں کھلی چھوٹ فراہم کر رہا ہے۔ الزام ہے کہ اس گروہ میں رانا سجاد، رانا عدنان، عظیم، مظہر اقبال سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مومن پورہ، شادی پورہ، جی ٹی روڈ، مناواں، باٹا پور، کینال روڈ، راجباہ روڈ، شریف پورہ اور باغبان پورہ سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں غیر قانونی تعمیرات مبینہ طور پر رشوت کے عوض نظر انداز کی گئیں، جس کے باعث نہ صرف بلدیاتی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی بلکہ قومی خزانے کو بھی لاکھوں روپے کے ریونیو سے محروم ہونا پڑا۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر لاہور محمد علی اعجاز، چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کلیم یوسف اور میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسین سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افسران اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غیر قانونی تعمیرات اور مبینہ کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔