نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 669 ہوگئیں، 2 ہزار سے زائد افراد لاپتا
کٹھمنڈو: نیپال میں تباہ کن سیلاب اور گلیشیئر کے ٹکڑے گرنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 669 ہوگئی جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں 500 سے زائد غیرملکی شہری بھی شامل ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں لاپتا افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ کئی خاندان اب بھی اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے طویل آپریشن کے بعد ملبے سے 97 سالہ خاتون کو زندہ نکال لیا۔ دوسری جانب سیلاب سے بچنے کے لیے جنگل کی جانب بھاگ کر درخت پر چڑھنے والا 8 سالہ بچہ بھی تین روز بعد اپنی والدہ سے مل گیا۔ زخمی بچے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
تباہ کن سیلاب ہمالیائی سرحدی علاقے میں گلیشیئر کا ایک بڑا حصہ گرنے کے بعد آیا، جس سے کیچڑ، برف، چٹانوں اور ملبے کا ایک بڑا ریلا دریاؤں میں شامل ہوگیا۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی متعدد لاشیں متاثرہ علاقے سے تقریباً 100 کلومیٹر دور میدانی علاقوں سے برآمد ہوئی ہیں۔
سیلاب سے سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ نیپالی وزیر خارجہ کے مطابق سرنگوں میں پھنسے افراد کو نکالنے، لاشوں کی شناخت اور نقل و حمل کے لیے خصوصی تکنیکی اور بیرونی معاونت درکار ہے۔
دوسری جانب گلیشیئر کا بڑا حصہ ٹوٹ کر جھیل میں گرنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ہزاروں میٹر بلندی سے برفانی تودہ جھیل میں گرا، جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی شدید لہروں نے برف، پتھروں، درختوں اور مٹی کو اپنے ساتھ بہا کر ایک تباہ کن سیلاب کی شکل اختیار کرلی۔