وزیراعظم کا ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہیں پی آر اے ایل (PRAL) کی تنظیم نو کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحاتی اقدامات کا نفاذ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے اصلاحات کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، پیداوار کی نگرانی اور خودکار نظام ایف بی آر اصلاحات کے اہم ستون ہیں۔
شہباز شریف نے ایف بی آر میں اچھی شہرت رکھنے والے گڈز ایویلیوایٹرز کی تعیناتی کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔