سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل پر بحث کی تحریک منظور
کراچی: سندھ اسمبلی نے ملک میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی ممکنہ تشکیل کے معاملے پر بحث کے لیے تحریک التوا منظور کرلی۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے اسپیکر سے درخواست کی کہ انہیں فوری نوعیت کے اہم عوامی معاملے پر تحریک التوا پیش کرنے کی اجازت دی جائے اور اس مقصد کے لیے ایوان کی دیگر کارروائی معطل کی جائے۔
اسپیکر اویس قادر شاہ نے وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار سے مشاورت کے بعد نثار احمد کھوڑو کو تحریک پیش کرنے کی اجازت دے دی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے، اس لیے انہیں تحریک پیش کیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔
اسپیکر نے تحریک التوا کو بحث کے لیے منظور کرتے ہوئے رولنگ دی کہ پیر کے روز دو گھنٹے تک اس معاملے پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ارکان چاہیں تو بحث کو مزید کئی روز تک بھی جاری رکھا جاسکتا ہے۔
ایوان نے اکثریتِ رائے سے تحریک التوا منظور کرلی، جس کے بعد سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے معاملے پر پیر سے باقاعدہ بحث شروع ہوگی۔
بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔