69 سال کی عمر میں بھی ڈمپل کپاڈیا کے گھنے بالوں کا راز کیا ہے؟
بالی ووڈ اداکارہ ڈمپل کپاڈیا نے اپنے گھنے اور خوبصورت بالوں کی دیکھ بھال کا گھریلو طریقہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بالوں میں تیل لگانا ان کی روٹین کا اہم حصہ رہا ہے۔
فلم ’’دل چاہتا ہے‘‘ کی 25ویں سالگرہ کی تقریب میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ رات بھر بالوں میں تیل لگانے کے بعد انڈے اور کیلے سے تیار کردہ ہیئر ماسک استعمال کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ماسک میں پانچ انڈوں کی سفیدی، ایک پورا انڈا اور ایک کیلا شامل ہوتا ہے جسے 10 سے 30 منٹ تک بالوں میں لگا کر نیم گرم پانی سے دھو لیا جاتا ہے۔
ڈمپل کپاڈیا نے اپنے مخصوص ہیئر آئل کے اجزا بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں بادام اور صندل کا تیل بنیادی طور پر شامل ہوتا ہے، جبکہ جیرانیم، روز میری اور لیونڈر کے ضروری تیل بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
اداکارہ نے بالوں کی صحت کے لیے متوازن غذا، مناسب پروٹین، بیجوں اور خشک میوہ جات کے استعمال کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں مچھلی ان کی خوراک کا اہم حصہ تھی اور ان کے خیال میں اس کا بھی بالوں پر اچھا اثر پڑا۔
پیاز کے رس کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ڈمپل نے بتایا کہ اس کی بو اتنی تیز تھی کہ سفر کے دوران ان کے ساتھ موجود افراد بھی پریشان ہوگئے اور چار مرتبہ شیمپو کرنے کے باوجود بو ختم نہیں ہوئی۔
16 سال کی عمر میں ’’بوبی‘‘ سے فلمی سفر شروع کرنے والی ڈمپل کپاڈیا نے بعد میں ’’ساگر‘‘، ’’رام لکھن‘‘ اور ’’ٹینیٹ‘‘ سمیت متعدد فلموں میں کام کیا۔ ان کے بال بھی طویل عرصے سے مداحوں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔