Uncategorized

چائلڈ اسٹار آیت عارف کی برائیڈل شو میں ریمپ واک، سوشل میڈیا پر تنقید

پاکستانی چائلڈ اسٹار آیت عارف کی ایک برائیڈل فیشن شو میں ماڈل کے انداز میں ریمپ واک کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔

آیت عارف نے ابتدائی طور پر لائیو ٹرانسمیشنز میں نعتیں پڑھ کر شہرت حاصل کی، جس کے بعد وہ یوٹیوب سے وابستہ ہوئیں اور چائلڈ اسٹار کے طور پر بھی اپنی شناخت بنائی۔

اب آیت عارف نے فیشن کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور حال ہی میں ایک برائیڈل شو میں بطور ماڈل شرکت کی، جہاں انہوں نے اکیلے ریمپ پر واک کی اور مختلف انداز میں پوز بھی دیے۔

فیشن شو کے دوران آیت عارف نے رنگ برنگے پھولوں اور کڑھائی سے مزین لہنگا زیب تن کر رکھا تھا اور پراعتماد انداز میں ریمپ پر واک کی۔

تاہم ان کی ریمپ واک کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے کم عمری میں انہیں فیشن شو کا حصہ بنانے پر اعتراض کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کو ایسے ماحول میں شامل کرنے کے بجائے ان کی عمر اور معصومیت کا خیال رکھا جانا چاہیے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اس معاملے میں والدین کی ذمہ داری زیادہ ہے، کیونکہ بچے کو بچہ ہی رہنا چاہیے۔

ایک اور صارف نے آیت عارف کے انداز کو ضرورت سے زیادہ اداکاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فیشن کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔

ایک صارف نے مختصر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "سچ کہوں تو اچھا نہیں لگا۔”

دوسری جانب آیت عارف کے مداح ان کی خود اعتمادی اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے بھی نظر آئے، تاہم سوشل میڈیا پر مجموعی طور پر ان کی ریمپ واک کے حوالے سے بحث جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے