Showbiz

اداکارہ لیلیٰ کا ماضی کی بولڈ پرفارمنسز پر اظہارِ ندامت

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ لیلیٰ نے ماضی میں کی جانے والی اپنی بولڈ پرفارمنسز پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایسے تمام کام اپنی زندگی سے ختم کردیے ہیں جو ان کے دینی عقائد اور اللہ کی مرضی کے خلاف تھے۔

حال ہی میں ایک رئیلٹی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے انہوں نے اپنے رب سے کچھ وعدے کیے ہیں، کیونکہ انہیں محسوس ہوا کہ ان کی زندگی میں بعض ایسی چیزیں شامل تھیں جنہیں اللہ تعالیٰ ناپسند کرتا ہے۔

لیلیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وہ کام ہمیشہ کے لیے اپنی زندگی سے نکال دیے ہیں اور اب وہ اپنے ماضی سے آگے بڑھنا چاہتی ہیں۔

اداکارہ 1990 کی دہائی سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران مختلف فلموں میں اداکاری اور بولڈ پرفارمنسز کے باعث نمایاں شناخت حاصل کرچکی ہیں۔ ان کے بعض کرداروں اور پرفارمنسز کو ماضی میں نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔

لیلیٰ کی حالیہ گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی رائے تقسیم ہوگئی۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے ان کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے اداکارہ کی جانب سے اپنی مشکلات کا بار بار ذکر کیے جانے پر اعتراض بھی کیا۔

ایک صارف نے کہا کہ اپنی مشکلات مسلسل سب کے سامنے بیان کرنا مناسب نہیں، کیونکہ ممکن ہے دوسرے افراد بھی اسی نوعیت کے مسائل سے گزر رہے ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے