پی سی بی کے فیصلے جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں، مدثر نذر اور محمد یوسف کی تنقید

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مدثر نذر اور سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حالیہ فیصلوں پر شدید تنقید کی ہے۔
سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں جس انداز سے فیصلے کیے جا رہے ہیں، وہ جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں۔ ان کے مطابق پہلے لوگ ٹیم کے ہارنے پر ہنستے تھے، لیکن اب صورتحال اس سے بھی آگے بڑھ گئی ہے۔
مدثر نذر اور محمد یوسف نے سوال اٹھایا کہ جب قومی ٹیم کی بولنگ اچھی کارکردگی دکھا رہی تھی تو عمر گل کو عہدے سے کیوں ہٹایا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ ہوم سیریز کے مقابلے میں اوے سیریز کے دوران ٹیم میں غیر معمولی تعداد میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
سابق کرکٹرز نے ہائی کمیشن کے ایک فنکشن میں قومی ٹیم کے لباس پر بھی حیرانی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سرکاری اور سفارتی ایونٹس میں پوری ٹیم کو پاکستان کی ٹور شرٹ پہن کر شرکت کرنی چاہیے۔
سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ دورہ جاری ہونے کے دوران کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو واپس بلانا صرف کارکردگی کا معاملہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر اختلافات، اندرونی خلفشار اور تنازعات کی عکاسی کرتا ہے۔