World

پاکستان کا روچڈیل گرومنگ گینگ کے مجرم شبیر احمد کو واپس لینے سے انکار

لندن: پاکستان نے روچڈیل گرومنگ گینگ کے مجرم شبیر احمد کو واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے لندن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران شبیر احمد کی پاکستان واپسی کا معاملہ اٹھایا۔

اسحاق ڈار نے برطانوی حکام کو بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان جنسی جرائم میں سزا یافتہ افراد کے تبادلے یا حوالگی کے لیے کوئی موجودہ قانونی یا دوطرفہ طریقہ کار موجود نہیں۔

شبیر احمد کو بچوں کے ساتھ زیادتی کے 30 جرائم میں سزا سنائی گئی تھی اور وہ گزشتہ ماہ اپنی 22 سالہ سزا میں سے 14 سال قید کاٹنے کے بعد رہا ہوا ہے۔

اسحاق ڈار نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دورہ برطانیہ کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر خارجہ، دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل اور برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سے مثبت ملاقاتیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکام نے امن کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے حوالے سے بھی پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہا گیا۔

دوسری جانب برطانوی حکومت شبیر احمد کو ملک سے نکالنے کے لیے قانونی راستہ تلاش کر رہی ہے، تاہم پاکستان کا مؤقف ہے کہ موجودہ قانونی انتظامات کے تحت اسے واپس لینے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے