اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کو مزید قریب لایا ہے اور اس سے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام گیا ہے۔
وزیراعظم سے سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو اب معاشی اور زرعی تعاون کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ باہمی تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جاسکے۔
وزیراعظم نے پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمدات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے بہتر استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستانی زرعی ماہرین کا وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کے امکانات کو عملی شکل دی جاسکے۔
سعودی وزیر نے پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی گرمجوش میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔