World

نیپال میں سیلاب سے ہلاکتیں 538 ہوگئیں، 977 افراد تاحال لاپتا

کھٹمنڈو: نیپالی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 538 ہونے کی تصدیق کردی۔

اتھارٹی کے مطابق سیلاب کے باعث 977 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں 517 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

نیپالی سیاحتی بورڈ کے مطابق اب تک 121 غیر ملکی شہریوں کو ریسکیو کیا جاچکا ہے، جن میں دو امریکی شہری بھی شامل ہیں، تاہم ریسکیو کیے جانے والوں میں کوئی برطانوی شہری شامل نہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق نیپال میں آنے والے سیلاب کے باعث 320 بھارتی شہری بھی لاپتا ہیں۔

دوسری جانب تبت اور نیپال میں بہنے والے دریائے بھوٹے کوشی کا راستہ برف، چٹانوں، کیچڑ اور ملبے کے باعث بند ہونے سے بننے والی جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی اور جھیل اوور فلو ہونے کے بعد اس کے کنارے بھی ٹوٹ گئے۔

چینی حکام کے مطابق جھیل میں پانی کا ذخیرہ 25 لاکھ مکعب میٹر سے تجاوز کرچکا ہے۔ ایک روز قبل چینی انجینئرنگ ٹیم نے جھیل میں پانی کا ذخیرہ 15 سے 20 لاکھ مکعب میٹر تک ہونے کا تخمینہ لگایا تھا۔

صورتحال کے باعث تبت اور نیپال کے متاثرہ علاقوں میں مزید سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے