نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 781 ہوگئیں، 3 ہزار افراد لاپتا

نیپال کے چین سے متصل سرحدی علاقے میں تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 781 ہوگئی جبکہ تقریباً 3 ہزار افراد تاحال لاپتا ہیں۔
حکام کے مطابق بدھ کے روز اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی۔ امدادی ٹیمیں دریاؤں اور ملبے کے ڈھیروں میں لاپتا افراد کی تلاش اور لاشیں نکالنے میں مصروف ہیں۔
سیلاب کے باعث سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ نیپالی حکومت نے امدادی سرگرمیوں کے لیے عالمی برادری سے تکنیکی معاونت کی اپیل کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے اور اتوار کو نیپالی حکام نے تقریباً 200 ناقابل شناخت لاشوں کی تدفین کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مردہ خانوں میں گنجائش ختم ہونے اور لاشوں کو زیادہ دیر محفوظ نہ رکھ پانے کے باعث متعدد لاشوں کی شناخت ممکن نہیں رہی۔
دوسری جانب چین کے خودمختار علاقے تبت میں بھی سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے جبکہ 546 افراد لاپتا ہیں۔
چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 23 ممالک کے 261 شہری شامل ہیں، جن میں نیپال، بھارت، امریکا اور برطانیہ کے شہری بھی موجود ہیں۔