مصباح الحق کا پی سی بی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

لاہور(خان حسن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے سلیکشن کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان کے استعفے کی وجوہات اور باضابطہ طور پر استعفیٰ جمع کرانے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
مصباح الحق کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان نے پی سی بی کو اپنے نوٹس پیریڈ سے آگاہ کردیا ہے۔ وہ نوٹس پیریڈ مکمل کرنے کے بعد بورڈ سے علیحدہ ہوجائیں گے۔
دوسری جانب دورہ انگلینڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی مسلسل دو میچوں میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا، جن میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
بورڈ نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ٹیم سے ریلیز کردیا ہے۔
ادھر اوپننگ بیٹر امام الحق بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وہ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ ذرائع کے مطابق امام الحق کی انجری کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے اور انہیں پی سی بی کی جانب سے انکوائری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔