Sports

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بیونس آئرس: ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

39 سالہ لیونل میسی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں قومی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا سفر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ میسی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تکلیف دہ فیصلہ ہے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ انٹرنیشنل فٹبال سے الگ ہونے کے لیے یہ بالکل درست وقت ہے۔

میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے رواں سال فیفا ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں اسے اسپین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لیونل میسی نے ارجنٹینا کی جانب سے مجموعی طور پر 207 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور 125 گول اسکور کیے۔ وہ ارجنٹینا کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2022 میں قطر میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا تھا۔

قومی ٹیم کے ساتھ ان کے شاندار کیریئر میں ورلڈ کپ کے علاوہ دیگر اہم عالمی اعزازات بھی شامل ہیں، جس کے باعث انہیں ارجنٹینا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے