محمد عباس لارڈز میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے ساتویں بولر بن گئے

انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 اوورز میں 3 میڈن کے ساتھ 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
36 سالہ محمد عباس کا یہ 32واں ٹیسٹ میچ ہے، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 57 اننگز کے دوران یہ آٹھواں موقع ہے جب انہوں نے ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔
محمد عباس نے اپریل 2017 میں کنگسٹن، جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اب تک 1,121.3 اوورز میں 22.25 کی بولنگ اوسط سے 128 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر محمد عباس کی یہ پہلی پانچ وکٹوں کی کارکردگی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ لارڈز کے تاریخی میدان پر اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے ساتویں بولر بن گئے ہیں۔
لارڈز میں پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز مرحوم خان محمد کو حاصل ہوا، جنہوں نے جون 1954 میں 61 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
لارڈز میں پاکستان کے لیے پانچ وکٹیں لینے والے دیگر بولرز میں مدثر نذر (6/32، 1982)، وقار یونس (5/91، 1992)، مشتاق احمد (5/57، 1996)، محمد عامر (6/84، 2010) اور یاسر شاہ (6/72، 2016) شامل ہیں۔
یوں محمد عباس نے لارڈز کے تاریخی میدان میں پاکستان کے لیے پانچ وکٹیں لینے والے بولرز کی خصوصی فہرست میں اپنا نام بھی شامل کرلیا۔