عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نظام موجود ہے: ناز بلوچ
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نظام موجود ہے۔
ناز بلوچ نے کہا کہ بزنس فورم میں نئے صوبوں کے حوالے سے بات ہوئی، جس کے بعد اچانک ہر فورم پر کراچی کو صوبہ بنانے کی بات شروع ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نظام موجود ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے بارش سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کراچی کی بارش کے حوالے سے ایسی بات کی جائے تو تنقید کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شکر ہے اسلام آباد کا نام کراچی نہیں، ورنہ آج کی بارش پر اگر ہم کہتے کہ زیادہ بارش ہوئی ہے تو ہم پر تنقید کی جاتی۔
ناز بلوچ نے کہا کہ کراچی میں بارش ہوتی ہے تو سندھ حکومت کے خلاف بیانات دیے جاتے ہیں، یہی دہرا معیار ہے۔ ان کے مطابق پورے پاکستان کو ایک ہی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔