سکردو ضمنی انتخاب: پیپلز پارٹی کے اختر ناشاد 145 ووٹوں سے کامیاب
گلگت، تنویر احمد: گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ GBA-09 سکردو-III کے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار اختر ناشاد نے 8,383 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔
ان کے قریبی حریف آزاد امیدوار وزیر سلیم نے 8,238 ووٹ حاصل کیے، یوں اختر ناشاد کو 145 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔ دونوں امیدواروں کے درمیان انتہائی کانٹے دار مقابلہ ہوا۔
حلقے میں تقریباً 33 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ تھے جبکہ 10 امیدوار میدان میں تھے۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
یہ ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے امیدوار فدا محمد ناشاد کی گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ سے نااہلی کے بعد کرایا گیا۔ فدا محمد ناشاد نے جون کے عام انتخابات میں اس حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اختر ناشاد، فدا محمد ناشاد کے بیٹے ہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا۔ مسلم لیگ ن کے محمد اجمل سمیت دیگر امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود تھے۔
الیکشن کمیشن نے حلقے میں 61 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے تھے، جن میں 25 انتہائی حساس، 11 حساس اور 25 نارمل قرار دیے گئے۔ امن و امان کے لیے پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور پاک فوج کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج اور کامیاب امیدوار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے تک نتائج غیر حتمی و غیر سرکاری تصور کیے جائیں گے۔