سکردو ضمنی انتخاب، چیف الیکشن کمشنر اور چیف سیکریٹری کی ملاقات، سیکیورٹی پلان کا جائزہ
گلگت(تنویراحمد) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان اور چیف سیکریٹری ارشد مجید کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں حلقہ GBA-09 سکردو-III کے ضمنی انتخاب کے سیکیورٹی پلان، امن و امان اور پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اب تک کیے گئے اقدامات اور دیگر انتظامی امور پر بھی غور کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضمنی انتخاب آئینی و قانونی تقاضوں اور الیکشن کمیشن کے ضابطۂ کار کے مطابق شفاف، غیر جانب دار اور پُرامن ماحول میں کرایا جائے گا۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے الیکشن کمیشن کو صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر زور دیا گیا، جبکہ مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے تاکہ عوام کو پُرامن ماحول میں حقِ رائے دہی کے استعمال کا موقع مل سکے۔