سنیل شیٹی کا بڑھتی عمر اور کرداروں کے انتخاب پر واضح مؤقف

معروف بھارتی اداکار سنیل شیٹی نے کہا ہے کہ اداکار کو اپنی عمر کے مطابق کرداروں کا انتخاب کرنا چاہیے، کیونکہ بڑھتی عمر کے باوجود خود کو نوجوان دکھانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوتی۔
ایک انٹرویو میں ایکشن اسٹار سنیل شیٹی نے بالی ووڈ میں اپنے موجودہ کیریئر اور فلموں کے انتخاب پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں نوجوان ہیروز جیسے کردار ادا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ وہ ایسے کرداروں کو ترجیح دیتے ہیں جو ان کی حقیقی عمر، شخصیت اور تجربے سے مطابقت رکھتے ہوں۔ ان کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ خود کو زبردستی نوجوان ثابت کرنے کی کوشش کے بجائے اپنی عمر کو قبول کرنا زیادہ دانش مندی ہے۔
اداکار نے کہا کہ بالی ووڈ میں اس وقت نوجوان اداکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے اپنی عمر سے تقریباً نصف عمر کے اداکاروں کے ساتھ مقابلہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھے اداکار کے لیے ضروری ہے کہ وہ زندگی کے ہر عمر کے مرحلے کو قبول کرے اور ایسے منصوبوں کا انتخاب کرے جہاں اس کی اداکاری اور تجربے کو حقیقی طور پر اہمیت دی جائے۔