Politics

سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ناصر حسین شاہ

کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے انتظامی یونٹس سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، تاہم اصلاحات سے متعلق ہر مثبت تجویز پر بات کے لیے تیار ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بہتر حکمرانی، مؤثر نظام اور اصلاحات کی ضرورت پر محسن نقوی سے اتفاق ہے، تاہم انتظامی اصلاحات اور صوبوں کی تشکیل نو دو مختلف معاملات ہیں۔ ان کے بقول صوبے محض انتظامی یونٹس نہیں بلکہ اپنی تاریخ، شناخت، ثقافت اور زبان رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر مقصد انتظامی اختیارات عوام کے قریب لانا ہے تو یہ موجودہ آئینی نظام کے تحت ممکن ہے۔ اضلاع، ڈویژنز اور تحصیلیں قائم کرنے کے ساتھ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی سرزمین، تاریخ اور شناخت کے حوالے سے واضح اور متفقہ رائے دے چکے ہیں، اس لیے سندھ کی تقسیم کا معاملہ محض انتظامی تجویز نہیں۔ انہوں نے محسن نقوی سے معاملے کی حساسیت اور اہمیت کو سمجھنے کی درخواست بھی کی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس بن کر رہیں گے اور انہیں کوئی شخص، سیاسی جماعت یا نمائندہ نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ عوام کے دل کی آواز ہے تو انتظامی یونٹس ہر صورت بنیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے