World

روس ایران کو سپر سونک کروز میزائل کی تیاری میں خفیہ مدد دے رہا ہے، فنانشل ٹائمز کا دعویٰ

لندن: برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ روس خفیہ طور پر ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روس کئی برس سے ایران کو جدید کروز میزائلوں کی تیاری کے لیے ریم جیٹ ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے۔ فنانشل ٹائمز نے اسے روس کی جانب سے ایران کو حساس اسٹریٹجک عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی کے اہم ترین معلوم واقعات میں سے ایک قرار دیا ہے۔

اخبار کے مطابق اس پروگرام کا کوڈ نام C430L ہے اور یہ 2023 میں شروع ہوا۔ پروگرام میں روس کے تجربہ کار میزائل ماہرین شامل ہیں، جبکہ اس کا مقصد ایران کو ایسا میزائل نظام تیار کرنے میں مدد دینا ہے جو کروز میزائلوں کو آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ رفتار سے پرواز کے قابل بنا سکے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی جنگ کے دوران بھی یہ پروگرام جاری رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریم جیٹ ٹیکنالوجی بحری جہازوں اور زمینی اہداف کے خلاف استعمال ہونے والے کروز میزائلوں میں کام آ سکتی ہے۔ سپر سونک کروز میزائل کم بلندی پر انتہائی تیز رفتاری سے پرواز کر سکتے ہیں، جس کے باعث فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں کو انہیں شناخت اور روکنے کے لیے نسبتاً کم وقت ملتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خلیج میں موجود امریکی اور اتحادی افواج کے جدید زمینی و بحری دفاعی نظام کے تناظر میں یہ ٹیکنالوجی ایران کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔

فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ ایران ریم جیٹ نظام تیار کرکے اس کے تجربات بھی کر چکا ہے، تاہم اب تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ روسی تعاون سے تیار کیا جانے والا سپر سونک کروز میزائل عملی طور پر تعینات کیا جا چکا ہے۔

اخبار کے مطابق روس اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک اور عسکری تعلقات میں حالیہ برسوں کے دوران تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ایران روس کو شاہد ڈرونز فراہم کر چکا ہے، جو یوکرین میں روس کی جنگ میں استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ ایران نے روس کو ان ڈرونز کی مقامی پیداوار شروع کرنے میں بھی مدد فراہم کی ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق یوکرین اور مغربی حکام نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی جنگ کے دوران روس ایران کو میدانِ جنگ سے متعلق معاونت فراہم کر رہا ہے، جس میں سیٹلائٹ تصاویر، ڈرون ٹیکنالوجی سے متعلق مدد اور ہتھیاروں کے پرزہ جات شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے