Uncategorized

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

پشاور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے نتیجے میں اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خدشہ ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور 31 اگست سے 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور ان میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ جھیلوں کے پھٹنے کی صورت میں نشیبی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

الرٹ کے تحت چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ضروری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔

حساس مقامات پر انخلا کی مشقیں کرنے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھنے اور محفوظ مقامات کو پیشگی تیار رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے