Pakistan

بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی اور شادی کی خبریں

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مبینہ منگنی اور شادی سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں تیز ہوگئی ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجود ہیں، جہاں مبینہ طور پر بلاول کی ممکنہ منگنی اور شادی کے حوالے سے ایک ممتاز یورپی خاندان سے بات چیت کی جارہی ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صدر زرداری اور بلاول نے آسٹریا پہنچنے کے بعد ممکنہ دلہن کے اہل خانہ سے تین ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں آسٹریا کے بعد برطانیہ روانہ ہوں گے اور لندن سمیت مختلف علاقوں میں تقریباً 10 روز قیام کریں گے۔

گردش کرنے والی اطلاعات میں بلاول کی ممکنہ دلہن کو آسٹریا کے سابق شاہی خاندان ہاؤس آف ہیبسبرگ-لورین سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ بعض رپورٹس میں انہیں آسٹریا کے آخری شہنشاہ کارل اول کے خاندان سے بھی جوڑا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شادی ممکنہ طور پر رواں سال کے اختتام پر ویانا میں ہوسکتی ہے اور بلاول بھٹو اور ممکنہ دلہن ایک دوسرے کو کئی سال سے جانتے ہیں۔

صدرِ مملکت کے دفتر نے 27 اگست کو صدر آصف علی زرداری کے نجی دورے پر بیرون ملک روانگی کی تصدیق کی تھی، تاہم دورے کی تفصیلات یا مقصد نہیں بتایا گیا تھا۔

دوسری جانب بھٹو زرداری خاندان یا پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کی منگنی یا شادی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی اور شادی سے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے