بالائی علاقوں میں 5 ستمبر تک بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ 31 اگست سے مغربی ہواؤں کی لہر بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 5 ستمبر تک برقرار رہ سکتی ہے۔
آزاد کشمیر میں 28 اگست کی شام یا رات سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔
قصور، اوکاڑہ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں یکم سے 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، بشمول پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں یکم سے 4 ستمبر جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 30 اگست سے 6 ستمبر تک بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 31 اگست سے 5 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
آزاد کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے جبکہ کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات اور مکمل تیاری یقینی بنائیں۔