بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا اسپیل، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون اور مغربی ہواؤں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں 4 اور 5 ستمبر کو بارش کا نیا اسپیل متوقع ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں لاہور، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، قصور، فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال شامل ہیں، میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی 3 ستمبر کی شام یا رات سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 3 سے 6 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 4 اور 5 ستمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کشمیر، مری، گلیات اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو موسمی صورتحال کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسانوں کو بھی موسم کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔