PoliticsWorld

ایس سی او کا ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں اور مغربی پابندیوں کی مذمت

بشکیک: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مغربی ممالک کی جانب سے رکن ممالک پر عائد یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کردی۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں دو روزہ سربراہی اجلاس کے اختتام پر جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے، جسے ’’بشکیک ڈیکلریشن‘‘ کا نام دیا گیا، پر چین کے صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سمیت ایس سی او کے رکن ممالک کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔

اعلامیے میں ایران کی سرزمین پر ہونے والے فوجی حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان حملوں سے عالمی امن، سلامتی اور استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

ایس سی او رہنماؤں نے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے تنازع کا حل صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے تلاش کیا جانا چاہیے۔

اعلامیے میں فلسطین کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رکن ممالک نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے فلسطینی مسئلے کا جامع اور منصفانہ حل ضروری ہے۔

ایس سی او نے ایران کے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت پرامن جوہری پروگرام کے حق کی بھی حمایت کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ تمام ممالک کو امتیاز کے بغیر پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کی تحقیق، پیداوار اور استعمال کا ناقابل تنسیخ حق حاصل ہے۔

اعلامیے میں اقوام متحدہ اور عالمی تجارتی تنظیم کے اصولوں کے منافی یکطرفہ پابندیوں اور جبری اقتصادی اقدامات کی بھی مخالفت کی گئی۔ رکن ممالک کے مطابق ایسی پابندیاں عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔

اجلاس میں اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایس سی او ممالک نے 2030 تک اقتصادی ترقی اور توانائی تعاون کی حکمت عملیوں پر عمل درآمد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

دوسری جانب اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائی پر بھی زور دیا گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے خلاف ’’دوہرے معیار‘‘ ختم کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی ہر شکل اور نوعیت کی مذمت کی جانی چاہیے۔

اعلامیے میں ایس سی او ممالک نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے