World

ایران کا کویت اور امارات میں امریکی تنصیبات پر میزائل، ڈرون حملوں کا دعویٰ

ایران نے کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ایک امریکی عہدیدار نے حملوں میں خطے کے کسی امریکی اڈے کو نقصان پہنچنے کی تردید کی ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی فوج نے ’’صاعقہ‘‘ کارروائی کی 31ویں لہر میں کویت کے احمد الجابر اور متحدہ عرب امارات کے المنہاد فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت میں امریکی مواصلاتی نظام اور طیاروں کے ہینگرز جبکہ امارات میں فوجی تعیناتی کے مقامات اور ریڈار نظام کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب امریکی عہدیدار نے الجزیرہ کو بتایا کہ ایرانی جوابی حملوں میں خطے کے کسی امریکی فوجی اڈے کو نقصان نہیں پہنچا۔

کویت نے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

ایران نے حملوں کو جنوبی ایران میں امریکی کارروائیوں کا جواب قرار دیا۔ ایرانی حکام کے مطابق 30 اگست سے جاری امریکی حملوں میں 18 افراد شہید اور 140 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے جنوبی ایران میں شہری ہلاکتوں اور فوجی اہلکاروں کی شہادت کی بھی اطلاعات دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے