World

امریکی فوج کا ایران کے لارک جزیرے پر حملہ، دو میزائل لانچرز نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران: امریکی فوج نے ایران کے لارک جزیرے پر دو ایرانی میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی عہدیدار کے مطابق کارروائی اتوار کے روز کی گئی اور یہ جولائی کے اواخر کے بعد ایران میں امریکا کی پہلی معلوم فوجی کارروائی ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگیں نصب کرنے کے لیے راکٹ داغنے کی تیاری کررہے تھے، جس کے بعد امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر موجود دو لانچرز کو نشانہ بنایا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی میں متعدد ایرانی اہلکار اور عام شہری ہلاک و زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی درست تعداد نہیں بتائی گئی۔

پاسدارانِ انقلاب نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اس کارروائی کا جواب دیا جائے گا اور حملے کی قیمت چکانا پڑے گی۔ ایرانی نیم سرکاری میڈیا کے مطابق حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔

لارک جزیرہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے۔ امریکی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے