آزادکشمیر میں انٹرنیٹ سروس مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان

مظفرآباد: محکمہ داخلہ آزادکشمیر نے آج سے وادی میں مرحلہ وار انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
محکمۂ داخلہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع نیلم اور حویلی کہوٹہ میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جبکہ میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل سروس بحال کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی گئی ہے۔
تعلیمی اداروں اور بینکوں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔ وائٹ لسٹ کیے جانے والے اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جس میں انٹرنیٹ کنکشن کو قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہ کرنے کی ضمانت دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پونچھ ڈویژن کے راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔
واضح رہے کہ نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے انٹرنیٹ سروس آئندہ دو روز میں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔