World

امریکی فوجی قیادت کا ایران آپریشن طول دینے پر تحفظات، جنگی صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ

امریکی فوج کے اعلیٰ حکام نے سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری بڑے پیمانے کے فوجی آپریشنز کو مزید طویل کرنا امریکی عسکری صلاحیت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی فوجی قیادت کو خدشہ ہے کہ ایران کے خلاف طویل جنگ کے نتیجے میں امریکی سرزمین سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں درپیش خطرات سے نمٹنے کی امریکا کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیکرٹری دفاع کے لیے تیار کی گئی ایک حالیہ خفیہ رپورٹ سے واقف ذرائع نے بتایا کہ یہ تحفظات آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان سمیت یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں امریکی فوجی آپریشنز کی نگرانی کرنے والے فور اسٹار کمانڈرز نے ظاہر کیے ہیں۔ ان تحفظات کا اظہار 14 اگست کو جاری ہونے والی خفیہ سیکرٹری آف ڈیفنس آرڈرز بک (SDOB) میں کیا گیا۔

SDOB عام طور پر ماہانہ دو مرتبہ تیار کی جاتی ہے، جس میں دنیا بھر میں امریکی جنگی طیاروں، بحری جہازوں، فوجی اہلکاروں اور دیگر جنگی وسائل کی دستیابی سے متعلق تفصیلات درج ہوتی ہیں۔ یہ دستاویز امریکی صدر کی عسکری ترجیحات اور اعلیٰ فوجی قیادت کی تجاویز کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

14 اگست کی آرڈرز بک میں مشرق وسطیٰ میں تعینات بعض امریکی فوجیوں کو ستمبر تک جبکہ بعض کو 2027 تک خطے میں رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تعیناتی میں اس ممکنہ طویل توسیع نے امریکی جرنیلوں اور ایڈمرلز کو اپنے خدشات مزید واضح انداز میں پیش کرنے پر مجبور کیا۔

خفیہ دستاویز کے مطابق امریکی یورپی کمانڈ، پیسیفک کمانڈ اور سدرن کمانڈ کے سربراہان سمیت امریکی بحریہ کے اعلیٰ ترین ایڈمرل نے فوجیوں کی تعیناتی میں توسیع کے احکامات پر تکنیکی طور پر عدم اتفاق کا اظہار کیا ہے۔ تاہم فوجی کمانڈ کے تحت وہ ان احکامات پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔

علاقائی کمانڈرز کے مطابق ایران تنازع کے باعث ان کے بحری جہاز، طیارے اور دیگر فوجی وسائل متعلقہ خطوں سے مشرق وسطیٰ منتقل کیے گئے ہیں، جس سے معمول کے فوجی مشنز، تربیتی سرگرمیوں اور دیگر دفاعی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت محدود ہوگئی ہے۔ خاص طور پر امریکی بحریہ پر شدید دباؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آرمی اور ایئر فورس کی قیادت نے سیکرٹری دفاع کے فیصلے سے اصولی طور پر اتفاق کیا، تاہم انہوں نے بھی خبردار کیا کہ فوجی تعیناتی میں مزید توسیع سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی عسکری قیادت میں مجموعی تاثر یہ ہے کہ تقریباً چھ ماہ سے جاری ایران جنگ اب غیر معمولی حد تک طویل اور وسائل پر بوجھ بن چکی ہے، جبکہ اس کے باعث امریکی ہتھیاروں کے ذخائر اور فوجی صلاحیتوں پر مسلسل دباؤ بڑھ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے