Pakistan

الحمرا اور یو ای ٹی کے درمیان ٹیکنالوجی و فنون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور(عمران اسلم) لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس کے درمیان ٹیکنالوجی، ثقافت، ادب اور فنون کے فروغ کے لیے باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا محمد نواز گوندل اور ہیڈ الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر شہزاد آصف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

محمد نواز گوندل نے کہا کہ یو ای ٹی جیسے معتبر علمی و تکنیکی ادارے کے ساتھ اشتراک ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اہم پیش رفت ہے۔ ثقافت، ادب اور فنون کو جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس سے جوڑ کر تخلیقی صلاحیتوں کے لیے نئی جہتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

ڈاکٹر شہزاد آصف نے کہا کہ یہ اشتراک ٹیکنالوجی اور فنون کے درمیان مؤثر رابطے کی بنیاد فراہم کرے گا، جبکہ کمپیوٹر سائنس کی جدید صلاحیتوں کو ثقافتی اور تخلیقی شعبوں سے جوڑ کر جدت اور نئی سوچ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

مفاہمت کے تحت دونوں ادارے علمی، فنی، ثقافتی اور تکنیکی شعبوں میں تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں و سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے، جس سے بالخصوص نوجوان نسل کو ٹیکنالوجی اور تخلیقی اظہار کے امتزاج سے فائدہ اٹھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔

تقریب میں الحمرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عمیر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرام وسیم اکرم، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس آفیسر محمد محب شمسی سمیت دیگر افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے