CSS امتحان: عمر کی حد 30 سال اور 3 کوششیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے سینٹرل سپیریئر سروسز (CSS) کے امتحان کے لیے عمر کی بالائی حد بڑھانے اور کوششوں کی تعداد میں اضافے کی سفارشات مسترد کرتے ہوئے موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) نے پارلیمانی کمیٹی کو اپنی تحریری آراء جمع کرادیں، جن میں مجوزہ تبدیلیوں کی مخالفت کی گئی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے CSS امتحان کے لیے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 35 سال اور کوششوں کی تعداد 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارش کی تھی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمر اور کوششوں کی تعداد میں تبدیلی وفاقی حکومت کی پالیسی کا معاملہ ہے، جبکہ FPSC منظور شدہ پالیسی پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہے۔ FPSC کے 174ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق عمر اور کوششوں میں اضافے سے امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے امتحانات کے انعقاد اور جوابی کاپیوں کی جانچ پر اضافی انتظامی دباؤ پڑے گا۔
ڈویژن نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ امیدوار بار بار امتحان دینے میں اپنے قیمتی اور پیداواری سال صرف کرسکتے ہیں، جبکہ نسبتاً زیادہ عمر میں سول سروس میں شامل ہونے والے افسران کی مؤثر مدتِ ملازمت کم ہونے سے طویل مدت میں تجربہ کار افسران کی دستیابی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔