
حب (این ایل آئی)بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل زیرو پوائنٹ پر مسافر کوچ اور منی وین میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور 22 شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کراچی شاہراہ پر حب کے قریب اوتھل زیرو پوائنٹ کے مقام پر تیز رفتار مسافر کوچ اور منی وین کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 5 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ 22 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔
انچارج ایدھی لسبیلہ ڈاکٹر حکیم لاسی نے بتایا حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں انہوں نے تصدیق کی کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 12 افراد میں 5 خواتین اور 7 مرد شامل ہیں، جبکہ 22 شدید زخمیوں کو فوری طور پر قریب ترین اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گوادر سے کراچی انے والی تیز رفتار مسافر کوچ سامنے سے آنے والی منی ویگن سے ٹکرا گئی۔منی ویگن کراچی سے بیلہ کی جانب جا رہی تھی۔ پولیس اور لیویز نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جبکہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کرا دی گئی ہے۔