PakistanPolitics

وزیراعلیٰ سندھ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مشروط حمایت کردی

پیپلز پارٹی گورنر راج نہیں چاہتی لیکن پی ٹی آئی لیڈر شپ کو سوچنا پڑیگا کہ وہ ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں: مراد علی شاہ

سکھر(این ایل آئی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ٹی آئی کو دہشتگردی کیخلاف واضح موقف لینے کا مشورہ دیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مشروط حمایت کر دی۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں گورنر راج نہیں چاہتی لیکن پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو سوچنا پڑے گا کہ ملک جب دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے تو وہ ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج جمہوری طور پر ناپسندیدہ ہے مگر آئینی طور پر غلط اقدام نہیں ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے جوڑتے ہوئے گندم کی قلت کے تاثر کو مسترد کردیا۔پنجاب کی طرح سبسڈی دینے کے سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پہلے ہی گندم پر سبسڈی دے چکی ہے، ضرورت پڑی تو مزید سبسڈی دیں گے۔

جواب دیں