پاکستان ریلوے نے جدید سفری سہولتوں سے آراستہ اپ گریڈڈ قراقرم ایکسپریس کا لاہور سے باقاعدہ افتتاح کر دیا
لاہور (این ایل آئی) پاکستان ریلوے نے جدید سفری سہولتوں سے آراستہ اپ گریڈڈ قراقرم ایکسپریس کا لاہور سے باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب ریلوے ہیڈکوارٹر آفس لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے ڈی ایس لاہور انعام اللہ سمیت دیگر افسران کے ہمراہ ٹرین کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے اپ گریڈڈ قراقرم ایکسپریس کی مختلف کوچز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹرین میں موجود سفری سہولتوں، صفائی ستھرائی اور مسافروں کے لیے فراہم کیے گئے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔محمد حفیظ اللہ نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے مسافروں کو محفوظ، آرام دہ، معیاری اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں مزید مسافر ٹرینوں کو بھی مرحلہ وار اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ریلوے کے سفر کو مسافروں کے لیے مزید سہل اور آرام دہ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے پاکستان ریلوے کی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور مستقبل میں بھی مسافروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرینوں کی اپگریڈیشن کا عمل جاری رکھا جائے گا۔