راشد لطیف خان یونیورسٹی میں TEDxRLKU 2026 کا شاندار انعقاد
لاہور(این ایل آئی) راشد لطیف خان یونیورسٹی لاہور میں TEDxRLKU 2026 کا انعقاد۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ محترمہ زلیخا خان اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے روایتی سوچ کے دائرے سے نکلنے، مشکلات اور رکاوٹوں کو مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے انفرادی کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

آر ایل کے یو، آر ایل ایم سی اور آر ایل ڈی سی کے زیرِ اہتمام ’’Breaking the Cycle‘‘ کے عنوان سے شاندار تقریب کا انعقاد مرکزی آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین، دانشوروں، پروفیشنلز اور تخلیق کاروں نے بطور مقرر شرکت کی۔ انھوں نے اپنے تجربات، خیالات اور زندگی کے سفر سے حاصل ہونے والی بصیرت کو طلبا و طالبات تک پہنچایا۔ TEDxRLKU 2026 کی مختلف نشستوں میں پروفیسر زبیر اکرم، طارق بلوچ صحرائی، ڈاکٹر حمزہ عرفان، فاروق سعید، چیف ہیومن ریسورس آفیسر کیپٹن (ر) فیصل خالد، سیدہ فرحین فاطمہ، ڈاکٹر عمران علی، فہیم اعظم اور نوریا رفیق اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے روایتی سوچ کے دائرے سے نکلنے، مشکلات اور رکاوٹوں کو مواقع میں تبدیل کرنے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے انفرادی کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر ایاز قیصر، پرنسپل راشد لطیف میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعود، وائس پرنسپل ڈاکٹر مدثر علی، چیف آپریٹنگ آفیسر بریگیڈیئر (ر) عاصم عمران، ہیڈ آف TEDx ڈاکٹر آصفہ، مینیجر مارکیٹنگ سید فیصل منصور سمیت مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، سربراہانِ شعبہ جات، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ زندگی میں درپیش چیلنجز کو رکاوٹ سمجھنے کے بجائے انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور کامیابی کی نئی راہیں تلاش کرنے کے مواقع میں تبدیل کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ افراد فرسودہ سوچ اور منفی رویوں کے چکر کو توڑتے ہوئے تخلیقی، تعمیری اور انسان دوست سوچ کو فروغ دیں۔ مقررین نے اپنی زندگی کے عملی تجربات اور کامیابیوں کے سفر سے متعلق متاثر کن واقعات بھی بیان کیے، جنہیں طلبہ و طالبات نے گہری دلچسپی سے سنا۔ شرکاء نے TEDxRLKU کو نوجوانوں کے لیے ایک مؤثر فکری اور تعلیمی پلیٹ فارم قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر راشد لطیف خان یونیورسٹی کی جانب سے معزز مقررین کو یادگاری سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔