Pakistan

بلوچستان کا امن، خوش حالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

کوئٹہ(ہم شہری) چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی اور ادارہ جاتی رابطہ کاری سمیت صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

انہوں نے فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور عزم کو سراہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ محفوظ اور مستحکم ماحول بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے افسروں اور جوانوں کی فرض شناسی اور لگن کو بھی سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے