Pakistan

شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد(ہم شہری) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج کے شہدا، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا اہم دن ہے، جو 1965 کی جنگ میں وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں اور مسلح افواج کے عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔ قوم اور افواج پاکستان کا اتحاد دشمن کے عزائم ناکام بنانے کا باعث بنا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں بھی 6 ستمبر کے جذبہ حب الوطنی کی جھلک نظر آئی، جس نے قومی تاریخ میں ایک اور باب کا اضافہ کیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قوم و افواج کے مضبوط تعلق کا ثبوت ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے خطے اور دنیا میں امن، مذاکرات اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاہم ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں، جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی استحکام، سیاسی برداشت، قومی اتحاد، تعلیم اور ترقی بھی پاکستان کی طاقت کی بنیاد ہیں۔ قوم کو مل کر نوجوان نسل کے لیے ایک مضبوط، محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے