Pakistan

لاہور ہائیکورٹ: جائیداد تنازع، پاسپورٹ، دکان ڈی سیل اور مقدمات سے متعلق اہم احکامات

رپورٹ: مبشرحسن

لاہور ہائیکورٹ میں مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت نے جائیداد کے تنازع پر پولیس کی مبینہ ہراساں کرنے، عمرہ زائرہ کا پاسپورٹ تحویل میں لینے، دکان سیل کرنے اور خواتین کے خلاف مقدمات سمیت مختلف معاملات پر اہم احکامات جاری کیے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جائیداد کے تنازع پر پولیس کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے خلاف درخواست پر سی پی او گوجرانوالہ سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پولیس مخالفین کے ایما پر ہراساں کر رہی ہے اور سول تنازع میں پولیس کی مداخلت غیر قانونی ہے۔

جسٹس ہارون دُگل نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر عمرہ کے لیے جانے والی خاتون کا پاسپورٹ تحویل میں لیے جانے کے خلاف درخواست پر متعلقہ افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ عدالت نے امیگریشن حکام کو خاتون کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات واپس کرنے کا حکم بھی دیا۔

جسٹس محمد امجد پرویز نے رنجش کی بنا پر ایک شخص کے گھٹنے توڑنے کے مقدمے میں نامزد ملزمان ناصر اور عامر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ درخواست کے مطابق مدعی صفدر بعدازاں انتقال کر گیا تھا جبکہ ماتحت عدالت ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرچکی ہے۔

جسٹس جواد حسن نے نئی انارکلی میں محکمہ اوقاف کی جانب سے سیل کی گئی دکان ڈی سیل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے حکم پر درخواست گزار نے واجبات کا 10 فیصد جمع کرادیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ اوقاف نے تین سال بعد کرائے میں اضافے کے بجائے فی مربع فٹ 250 روپے اضافہ کرکے واجبات 45 لاکھ روپے کردیئے، جبکہ دکان سیل کرنے کا اختیار بھی محکمہ کے پاس نہیں۔

جسٹس شیریں عمران نے سسرال سے زیورات اور نقدی چوری کے الزام میں خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے جسٹس آف پیس کے فیصلے کو معطل کردیا اور فریقین سے 25 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق خاتون نے شوہر سے علیحدگی کے بعد خلع کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے اور جسٹس آف پیس نے حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے