health & Food

پمز سانحہ: فائر بریگیڈ کو اطلاع دینے میں 16 منٹ کی تاخیر، سکیورٹی اسٹاف کو ہیلپ لائن نمبر ہی معلوم نہ تھا

اسلام آباد: سانحہ پمز کے بعد ریسکیو آپریشن فوری شروع نہ ہونے کی اہم وجوہات سامنے آگئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پمز کے سکیورٹی اسٹاف کو فائر بریگیڈ کا ہیلپ لائن نمبر ہی معلوم نہیں تھا۔

اسلام آباد پولیس نے سانحہ پمز کی فوجداری قانون کے تحت تحقیقات شروع کردی ہیں اور 8 معطل افسران سمیت میڈیکل، نان میڈیکل، ٹیکنیکل اور سکیورٹی اسٹاف کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق 6 بج کر 38 منٹ پر آگ لگنے کے بعد سکیورٹی عملہ فائر بریگیڈ کا نمبر معلوم کرتا رہا، جبکہ فائر بریگیڈ کو 16 منٹ بعد 6 بج کر 54 منٹ پر اطلاع دی گئی۔ سکیورٹی اسٹاف نے ون فائیو پر کال کی، جس کے بعد پولیس نے فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع دی۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ 6 جولائی کو پمز کے نرسنگ ہاسٹل میں آگ لگنے کے وقت بھی اسٹاف کے پاس فائر بریگیڈ کا نمبر موجود نہیں تھا۔ رات 3 بجے لگنے والی آگ کی اطلاع فائر بریگیڈ کو صبح 4 بج کر 12 منٹ پر دی گئی۔

انکوائری کمیٹی دو روز میں حتمی رپورٹ پیش کرے گی، جس کے بعد پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 معطل افسران کے خلاف ذمہ داروں کا تعین کیے جانے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے