World

ایران میں امریکی حملے، 12 شہری اور 7 فوجی اہلکار جاں بحق ہونے کا دعویٰ

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات ملک کے مختلف علاقوں پر امریکی فضائی حملوں میں 12 شہری اور 7 فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مغربی صوبے کرمانشاہ میں امریکی حملے کے دوران پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے 4 اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ لاوان جزیرے پر ہونے والے حملے میں نیم فوجی فورس بسیج کے 3 اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق صوبہ خوزستان میں امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔

ہرمزگان کے علاقے سیرک میں ایک شادی کی تقریب بھی حملے کی زد میں آنے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق واقعے میں ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور 68 زخمی ہوئے۔ تاہم مختلف رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد میں معمولی فرق سامنے آیا ہے، جبکہ امریکی حکام نے کہا ہے کہ امریکی فوج شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی اور واقعے کی رپورٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اہواز، چابہار، قشم اور بندر عباس میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

خلیج فارس کے ساحل پر واقع اہم گیس مرکز عسلویہ میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

حالیہ امریکی حملوں کے بعد ایران نے خطے میں امریکی اہداف کے خلاف جوابی کارروائیاں کی ہیں، جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے