منڈی بہاؤالدین: احمدی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والا شخص فائرنگ سے جاں بحق
منڈی بہاؤالدین: پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے احمدی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والا شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات ممکنہ ٹارگٹ کلنگ کے طور پر کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کی شام تقریباً ساڑھے 6 بجے سٹی تھانے کی حدود میں مین عیدگاہ روڈ پر پیش آیا، جہاں مقتول اپنی ورکشاپ بند کرکے گھر واپس جا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مقتول کا تعاقب کیا اور مرکزی عیدگاہ کے قریب پہنچنے پر اس پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس تھانے کی ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔
ڈی پی او منڈی بہاؤالدین لیفٹیننٹ ریٹائرڈ کامران امیر خان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے اور بظاہر مقتول کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور دیگر معلومات کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش جاری ہے۔
پولیس نے مقتول کی لاش قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق مقتول کے ورثا کی درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔