ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے سنہری رنگ کے سکے فروخت کے لیے پیش
واشنگٹن: امریکی محکمۂ خزانہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے سنہری رنگ کے ایک ڈالر کے خصوصی سکے فروخت کے لیے پیش کردیے، جن کی قیمت تقریباً 1.55 ڈالر سے 2.44 ڈالر تک مقرر کی گئی ہے۔
ان سکوں کا اعلان پہلی بار رواں سال جولائی میں کیا گیا تھا۔ سکے کے سامنے والے حصے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ’Liberty‘، ’In God We Trust‘ اور ’2026 ~ 1776‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔
سکے کے پچھلے حصے پر امریکی صدارتی مہر نقش ہے، جس میں ایک عقاب زیتون کی شاخ اور تیروں کا گچھا تھامے ہوئے ہے۔ امریکا کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے سکے پر ’250‘ کا ہندسہ بھی درج کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سکوں کی قیمت خریدی جانے والی مقدار کے حساب سے مختلف ہے۔ 25 سکوں کے رول کی قیمت 61 ڈالر جبکہ 100 سکوں پر مشتمل بیگ 154.50 ڈالر میں دستیاب ہے۔
امریکی قوانین کے تحت عام طور پر کرنسی پر صرف انتقال کر جانے والی شخصیات کی تصاویر استعمال کی جاسکتی ہیں، تاہم ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2020 میں منظور کیے گئے ایک قانون کے تحت امریکا کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے نئے ڈیزائن جاری کرنے کی اجازت ہے، جس میں موجودہ صدر کی تصویر بھی شامل کی جاسکتی ہے۔
یو ایس منٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ سکے قانونی کرنسی کے طور پر استعمال کیے جاسکتے ہیں، تاہم انہیں یادگاری سکے کے طور پر بھی پیش کیا گیا ہے۔
اگرچہ سکے بظاہر سنہری رنگ کے ہیں، لیکن ان میں حقیقی سونا استعمال نہیں کیا گیا۔ یو ایس منٹ کے مطابق یہ سکے زیادہ تر تانبے پر مشتمل ہیں، جن میں 6 فیصد زنک، 3.5 فیصد مینگنیز اور 2 فیصد نکل شامل ہے۔
یو ایس منٹ کے مطابق ویب سائٹ پر فروخت کیے جانے والے رولز اور بیگز میں 4 جولائی کی خصوصی مہر والے 250,000 سکے بھی شامل کیے جا رہے ہیں۔