Showbiz

180 سے زائد یہودی فنکار مارک روفالو کے حق میں سامنے آگئے

لاس اینجلس: مارول اداکار مارک روفالو پر یہود مخالف خیالات کے الزامات کے بعد 180 سے زائد یہودی فنکاروں، مصنفین اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے ان کے حق میں کھلا خط جاری کردیا۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہود دشمنی کے الزامات کو جنگ، اشرافیائی حکمرانی اور مصنوعی ذہانت کی بالادستی کے دفاع کے لیے استعمال کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔

کھلے خط پر ہنّا آئن بائنڈر، جوئل کوئن، ٹوڈ ہینز، ایلان گلیزر، ٹونی کشنر، ایما سیلگ مین، جین شون برن اور والیس شان سمیت متعدد نمایاں شخصیات نے دستخط کیے ہیں۔

مارک روفالو نے 21 اگست کو پیراماؤنٹ اور وارنر برادرز کے ممکنہ انضمام کو ہالی ووڈ کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے ایلیسن خاندان پر فلسطینیوں کے خلاف ’’نسل کشی‘‘ میں شریک ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

روفالو نے ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے اسرائیلی فوج کے ساتھ مبینہ تعلقات کی جانب بھی توجہ دلائی تھی۔

کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی صورتحال اور ہالی ووڈ کے معاملات کے درمیان تعلق کی نشاندہی کرنا یہود دشمنی نہیں، بلکہ یہودی اخلاقی ذمہ داری کا تقاضا ہے۔

خط کے دستخط کنندگان نے مارک روفالو کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں یا غزہ میں جاری جنگ پر تنقید کو یہود دشمنی کے مترادف قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے