Uncategorized

گلگت بلتستان، ملٹیپل انڈیکیٹر کلسٹر سروے کے ساتویں مرحلے کے نتائج جاری کرنے والا دنیا کا پہلا خطہ بن گیا ، تاہم نتائج مایوس کن

رپورٹ: تنویر احمد (گلگت)

گلگت بلتستان حکومت نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے اسٹیٹسٹیکل اینڈ ریسرچ سیل کے زیر اہتمام گلگت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی تقریب کے دوران گلگت بلتستان ملٹیپل انڈیکیٹر کلسٹر سروے 2024–25 کے نتائج باضابطہ طور پر جاری کر دیے ہیں جس کے تحت گلگت بلتستان دنیا کا پہلا خطہ بن گیا ہے جس نے ملٹیپل انڈیکیٹر کلسٹر سروے کے ساتویں مرحلے (MICS7) کے نتائج جاری کیے ہیں۔
مقامی ہوٹل میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم، وزیر منصوبہ بندی و ترقی سید جلال علی شاہ، وزیر لوکل گورنمنٹ و رورل ڈویلپمنٹ ذوالفقار علی مراد، وزیر داخلہ محمد دلپذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ریاض احمد، یونیسف پاکستان کے نمائندگان، پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے حکام، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی، میڈیا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

 

حکام کے مطابق یہ سروے گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے جامع گھریلو سروے ہے، جس میں بچوں، خواتین اور گھرانوں کی فلاح و بہبود، سماجی و معاشی حالات اور بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار جمع کیے گئے ہیں۔ اس سروے میں مجموعی طور پر 195 اہم اشاریوں کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے متعلق 35 اشاریے شامل ہیں۔ سروے کے دوران تعلیم، صحت، غذائیت، پینے کے پانی، صفائی و ستھرائی، رہائشی حالات، موسمیاتی تبدیلی اور معیار زندگی سمیت مختلف اہم شعبوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں پہلا سروے 2016–17 میں کیا گیا تھا، جبکہ موجودہ سروے گزشتہ چند برسوں کے دوران ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں موجود مسائل اور ضروریات کی نشاندہی کے لیے اہم حیثیت رکھتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مؤثر حکمرانی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور پائیدار ترقی کے لیے بروقت، شفاف اور قابل اعتماد اعداد و شمار بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ نتائج آئندہ ترقیاتی منصوبوں اور پالیسیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے اور مختلف شعبوں میں موجود خلا کو دور کرنے کے لیے ترجیحات کے تعین میں مدد فراہم کریں گے۔ یونیسف پاکستان کے ڈیٹا اینڈ اینالیٹکس مینیجر اشرف محمد مرابط نے گلگت بلتستان حکومت اور یونیسف کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے تمام فیلڈ ٹیموں اور ماہرین کو مبارکباد دی اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

تقریب کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر و ڈپٹی چیف اسٹیٹسٹیکل اینڈ ریسرچ سیل فیصل عثمان نے سروے کے طریقہ کار اور اہم نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے سروے کے اعداد و شمار تک آسان اور بروقت رسائی کے لیے ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

حکومت گلگت بلتستان نے یونیسف پاکستان، پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس اور تمام فیلڈ ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ان نتائج کو محض اعداد و شمار تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ انہیں پالیسی سازی، ترقیاتی منصوبہ بندی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات میں استعمال کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر سروے کی تکمیل میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد اور اداروں میں یادگاری شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے